Sunday, September 8, 2024

خیبرپختونخوا: سیاسی جماعتیں اضلاع میں حکومت بنانے کیلئے سرگرم، جے یو آئی، اےاین پی کی مساوی مقبولیت

خیبرپختونخوا: سیاسی جماعتیں اضلاع میں حکومت بنانے کیلئے سرگرم، جے یو آئی، اےاین پی کی مساوی مقبولیت
August 21, 2015
خیبرپختونخوا (نائنٹی ٹو نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے بعد سیاسی جماعتیں مختلف اضلاع میں حکومت بنانے کیلئے سرگرم ہو گئی ہیں۔ جے یو آئی اور اے این پی کی مساوی مقبولیت سامنے آئی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کا گراف گر گیا ہے۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کا اغاز ہو گیا ہے۔ صوبہ بھر میں مخصوص نشستوں کی تقسیم اور آزاد ممبران کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے بعد مختلف اضلاع میں پارٹی پوزیشن واضح ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف چوبیس میں سے دس اضلاع میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جبکہ ایک ضلع چترال میں جے یو آئی اپوزیشن کے ساتھ یا پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی تاہم اس میں آل پاکستان مسلم لیگ کے دو ممبران کا ووٹ فیصلہ کن ثابت ہو گا۔ پشاور نوشہرہ، کرک، بونیر، ڈی آئی خان اور ٹانک میں تو پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے تاہم چارسدہ میں وہ قومی وطن پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی جس میں اہم عہدے قومی وطن پارٹی کے حصے میں آئیں گے۔ ہزارہ جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ سمجھا جاتا ہے کے تین اضلاع میں پی ٹی آئی کو اکثریت حاصل ہو گئی ہے۔ اسی طرح جماعت اسلامی لوئر اور اپر دیر میں مقامی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ صوبے میں عوامی نیشنل پارٹی اور جے یو آئی(ف) مساوی مقبولیت کی حامل جماعتیں بن گئی ہیں۔ دونوں تین تین اضلاع میں حکومت بنا سکتی ہیں۔ جے یو آئی ہنگو، بنوں اور لکی مروت جبکہ اے این پی مردان صوابی اور تورغر میں اپنے ناظم منتخب کروانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ان دونوں جماعتوں سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن بہتر ہے جو چار اضلاع کوہاٹ، مانسہرہ، سوات اور شانگلہ میں حکومت بنا سکتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی جس کا گراف صوبے میں تیزی سے گرنے لگا ہے صرف مالاکنڈ میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔