Friday, April 26, 2024

خیبرپختونخوا حکومت کا  پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بند کرنیکا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت کا  پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ بند کرنیکا فیصلہ
June 23, 2019
پشاور ( 92 نیوز) پشاور کے بی آر ٹی منصوبے میں نقائص کی نشاندہی کرنا پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کو مہنگا پڑ گیا، خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کو بند کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ پشاور کا بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ خیبر پختونخوا حکومت کے لئے درد سر بن گیا ، منصوبے میں نقائص کی نشاندہی پر صوبائی حکومت نے پروجیکٹ منیجمنٹ یونٹ بند کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ انتظامیہ کو پی ایم یو کے اثاثے تحویل میں لینے کی ہدایت کردی گئی  ،  پی ایم یو کی جانب سے جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پی سی ون کے مطابق پی ایم یو کو ختم کرنے کا حق نہیں رکھتی۔ خط میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل کے بعد پی ایم یو کو اربن موبیلٹی  اتھارٹی میں ضم ہونا ہے۔  جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے کئے گئے معاہدے کے تحت منصوبہ جون 2021 تک مکمل ہونا ہے۔ دوسری جانب بی آر ٹی منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو کر دسمبر سے پہلے مکمل ہونے کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 30 جون تک منصوبہ مکمل کرنے کا پلان مرتب کیا تھا تاہم منصوبے میں متعدد پیچیدگیاں سامنے آنے اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث اب منصوبہ میں مزید تاخیر کا شکار نظر آ رہا ہے۔