Saturday, April 20, 2024

خیبرپختونخوا حکومت کا صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کو خوش کرنے کا فیصلہ، 92نیوز نے بجٹ اعدادوشمار حاصل کر لئے

خیبرپختونخوا حکومت کا صوبائی بجٹ میں سرکاری ملازمین کو خوش کرنے کا فیصلہ، 92نیوز نے بجٹ اعدادوشمار حاصل کر لئے
June 10, 2015
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا بجٹ کے اعداد و شمار 92 نیوز کو موصول ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت پر سبقت حاصل کرتے ہوئے صوبائی سرکاری ملازمین کو خوش کردیا۔ تنخواہوں میں وفاقی حکومت کے برعکس ساڑھے سات فیصد اضافے کی بجائے خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخوا ہوں میں 15 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کا کوئی محکمہ رواں مالی سال کے دوران محصولات کی وصولی کا ہدف پورا نہ کرسکا۔ 2015-2016ءکے بجٹ میں رنگ روڈ، حیات آباد ڈبل فلائی اوور سمیت اضاخیل میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ڈی آئی خان میں کھجوروں کی پراسسنگ پلانٹ لگانے کےلئے فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں۔ 92نیوز کو موصول ہونے والے بجٹ اعداد وشمار کے مطابق اگلے بجٹ میں اضاخیل یونیورسٹی کےلئے دو ارب روپے، حیات آباد ڈبل فلائی اوور کےلئے 1.67ارب روپے جبکہ باچا خان مرکز سے رنگ روڈ کی مسنگ لنک کےلئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق آنے والے بجٹ میں پشاور شہر کےلئے تو کوئی میگا پراجیکٹ موجود نہیں تاہم پولیس کےلئے مختص فنڈز کی شرح 29ارب روپے سے بڑھا کر32 ارب روپے کردی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے 91فیصد بجٹ کا انحصار وفاقی حکومت پرہے جبکہ 9 فیصد بجٹ وہ اپنے وسائل سے پورا کرتی ہے۔ 472 ارب روپے کے بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 126 ارب روپے رکھا گیا ہے، اگر وفاقی حکومت سے صوبے کا حصہ نہ ملا تو بجٹ ایک بار پھر خسارے کا شکار ہوگا جس کا تخمینہ 56ارب روپے لگایا گیا ہے۔