Friday, May 17, 2024

خیبرپختونخوا حکومت نے نوشہرہ کی طرح کی سڑک مہنگے داموں بنائی ، جرمن سفیر

خیبرپختونخوا حکومت نے نوشہرہ کی طرح کی سڑک مہنگے داموں بنائی ، جرمن سفیر
December 6, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) جرمنی کےسفیر مارٹن کوبلر نے  خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید  کرتےہوئے اپنے ٹویٹ میں  کہا کہ نوشہرہ میں جرمن حکومت کے تعاون سے ایک کلومیٹر سڑک 40 لاکھ روپے میں بنائی گئی ،اسی طرح کی سڑک خیبرپختونخوا حکومت نے ایک کروڑ روپے میں بنائی۔ جرمنی کے سفیرنے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سےخیبرپختونخوا حکومت کوتنقید کا نشانہ بنایا ، پاکستان میں  متعین جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نےنوشہرہ میں آضا خیل کے مقام پرسڑک کی تعمیرکے حوالے سے ٹویٹ کیا ہے۔ مارٹن کوبلر کا کہنا ہے اضاخیل بالا میں مقامی لوگوں نے جرمنی کے تعاون سے 12 انچ موٹی ایک کلومیٹر سڑک 40 لاکھ روپے کی لاگت سے بنائی جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے 6 انچ موٹی  ایک کلومیٹرسڑک ایک کروڑ روپے میں بنائی۔ خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے جرمن سفیر کے ٹویٹ  جس میں حکومت کی بنائی گئی سڑک کو کمیونٹی کی بنائی گئی سڑک سے مہنگا قرار دیا گیا ہے ،پر ردعمل دیتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ کمیونٹی کی جانب سے بنائی گئی سڑک میں سیفٹی سٹینڈرڈ اور انجینئرنگ ڈیزائن کا ذکرنہیں۔ صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا مزیدکہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مٹیریل ٹیسٹ کے بعد عالمی معیارکےمطابق سڑکیں بناتی ہے، کمیونٹی کی جانب سے بننے والی سڑک پر کوئی ٹیکس عائد نہیں ہواجبکہ حکومت تمام ترٹیکس ادا کرتی ہےاورپروکیومنٹ قوانین کے تحت رجسٹرڈ ٹھیکہ داروں کو ٹھیکے دئیے جاتے ہیں۔