Sunday, May 5, 2024

خیبرپختونخوا: حلقہ پی کے پچانوے دیر میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج شروع ہو گی، چار امیدوار مدمقابل

خیبرپختونخوا: حلقہ پی کے پچانوے دیر میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج شروع ہو گی، چار امیدوار مدمقابل
May 7, 2015
خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے پچانوے دیر میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ آج ہو رہی ہے۔ صوبائی اسمبلی کی یہ نشست جماعت اسلامی کے مرکزی امیر اور رکن صوبائی اسمبلی سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہو گئی تھی۔ حلقہ پی کے پچانوے پر ضمنی انتخاب کے لئے چار امیدوار میدان میں ہیں۔ جماعت اسلامی  اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار اعزاز الملک افکاری اور اے این پی، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد کے امیدوار بہادر خان کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ پاکستان راہ حق پارٹی کے مولانا ضیاءالحق حیدری اور ایک آزاد امیدوار ملک امیرزادہ بھی اسی نشست کے لئے قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ 2013 کے عام انتخابات میں اس نشست پر جماعت اسلامی کے سراج الحق اور 2008 میں عوامی نیشنل پارٹی کے ہدایت اللہ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ حلقہ پی کے پچانوے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ چالیس ہزار سات سو تینتالیس ہے جن میں مرد ووٹروں کی تعداد چھیاسی ہزار نو سو چھبیس اور خواتین ووٹروں کی تعداد ترپن ہزار آٹھ سو سترہ ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے پچاسی پولنگ سٹیشنز قائم ہیں جن میں تینتیس کو انتہائی حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ انتخابی عمل کو پرامن بنانےکے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔