Saturday, April 27, 2024

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات، 6 سابق وزرائے اعلیٰ کے قریبی رشتہ دار میدان میں اتر آئے

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات، 6 سابق وزرائے اعلیٰ کے قریبی رشتہ دار میدان میں اتر آئے
December 17, 2021 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل سج گیا، بلدیاتی انتخابات میں 6 سابق وزرائے اعلیٰ کے قریبی رشتہ دار میدان میں اتر آئے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے سترہ اضلاع میں 19 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا دنگل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ سترہ اضلاع کی 66 تحصیلوں کے میئر اور چیئرمین کے علاوہ 2382 نیبرہوڈ اور ویلیج کونسلز کے انتخابات میں عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

امیدواروں نے ووٹرز کو قائل کرنے کے لئے بھرپور انتخابی مہم چلائی، انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ختم ہوجائے گی۔ ہفتے کے روز انتخابی مواد کی ترسیل اور پولنگ اسٹیشنز کی تیاری کا عمل شروع ہوگا۔

سترہ اضلاع میں 66 میئر اور تحصیل چیئرمین کےعلاوہ 2382 نیبرہوڈ اور ویلیج کونسلوں کی21825  جنرل نشستیں، 4214  خواتین،8023  کسان ورکرز،6745  یوتھ اور364  اقلیتی کونسلرز کی نشستیں ہیں۔

نوشہرہ سے پرویز خٹک کا بیٹا اور بھتیجا آمنے سامنے ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ راجہ سکندر زمان کے 2 پوتے ہری پور میں آمنے سامنے ہیں۔ پرویز خٹک کا بیٹا اور پیر صابر شاہ کے بھائی بھی بلدیاتی انتخابات لڑیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ عنایت اللہ گنڈاپور اور ارباب جہانگیر کے پوتے انتخابات میں حصہ لیں گے۔