Saturday, May 18, 2024

خیبرپختونخوا بجٹ: ترقیاتی پروگراموں کیلئے 174 ارب، تعلیم کیلئے 97ارب، صحت کیلئے 29ارب، توانائی منصوبوں کیلئے 3ارب روپے مختص، تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ

خیبرپختونخوا بجٹ: ترقیاتی پروگراموں کیلئے 174 ارب، تعلیم کیلئے 97ارب، صحت کیلئے 29ارب، توانائی منصوبوں کیلئے 3ارب روپے مختص، تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ
June 15, 2015
پشاور (92نیوز) تنخواہوں میں 10سے 15فیصد اضافہ، کوئی نیا ٹیکس نہیں، اسلامی مائیکرو فنانس فنڈ کا قیام، 174ارب روپے کا ترقیاتی پروگرام، خیبرپختوخوا کا 488 ارب روپے کا بجٹ پیش کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے شور شرابے سے شروع ہونے والی بجٹ تقریر میں صوبائی وزیر خزانہ مظفر حسین سید نے گزشتہ بجٹ کے اہم منصوبوں کا بتایا اور تبدیلی کا نعرہ لگایا۔ پھر بات شروع ہوئی آئندہ مالی سال کے بجٹ کی ۔ انہوں نے کہا کہ 488 ارب روپے کے بجٹ میں ترقیاتی پروگراموں کےلئے 174 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ تعلیم کا بجٹ 21فیصد اضافے سے 97ارب 94کروڑ روپے ہے۔ صحت کےلئے 29ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پولیس کےلئے 32ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وفاق کو لوڈشیڈنگ کا طعنہ دینے والی حکومت نے توانائی منصوبوں کےلئے محض 3ارب روپے رکھے ہیں۔ مظفر سید نے بتا یا کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ، اسلامی مائیکرو فنانس فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10سے 15فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان اخراجات کو پورا کرنے کےلئے وفاق سے 279 ارب روپے موصول ہوں گے جن میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کےلئے 30ارب 14کروڑ، گیس رائلٹی کی مد میں 19ارب روپے جبکہ بجلی کی رائلٹی میں 17ارب روپے حاصل ہوں گے۔ صوبے کے اپنے محاصل 54ارب 42کروڑ جبکہ بیرونی امداد 32کروڑ روپے ملے گی۔