Friday, April 26, 2024

خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی میں بھی الطاف حسین کیخلاف قرارداد پیش کرنے کی تیاریاں

خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی میں بھی الطاف حسین کیخلاف قرارداد پیش کرنے کی تیاریاں
May 2, 2015
پشاور/ کراچی (92نیوز) بلوچستان اسمبلی میں الطاف حسین کی پاک فوج کیخلاف تقریر پر مذمتی قرارداد منظور ہونے کے بعد تحریک انصاف نے بھی خیبرپختونخوا اسمبلی میں ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پرویزخٹک عارف یوسف کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم ملکی سلامتی کے خلاف کام کررہی ہے، قرارداد پر اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن کے پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ ہم قیادت سے مشورے کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ کریں گے۔ دریں اثنا سندھ اسمبلی میں بھی مسلم لیگ (ن) نے ایم کیو ایم پر پابندی کی قرارداد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن اسمبلی سورٹھ تھیبو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) فوج کی حمایت میں بھی قرارداد لائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے علاوہ دیگرجماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ اس موقع پر جب وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر سے متعلق قرارداد پیش کرنے کا علم نہیں ہے، پارٹی جوبھی فیصلہ کرےگی اس پر عمل کریں گے۔