Saturday, April 27, 2024

خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج کی روش نہ بدلی

خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج کی روش نہ بدلی
October 15, 2018
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن نے احتجاج کی روش نہ بدلی ، مسلم لیگ نواز کی رکن ایوان میں نیب کے زیرحراست شہباز شریف کی تصویر اٹھا لائیں۔  اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے نعرہ بازی کی اور ایوان سے واک آؤٹ کیا،تحریک انصاف کے شوکت یوسفزئی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر دو ایم پی ایز نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ خیبرپختونخوا کے رواں مالی سال کا بجٹ اجلاس اسپیکر مشتاق غنی کی زیرصدارت شروع ہوا،شانگلہ سے نومنتخب رکن شوکت یوسفزئی اور مخصوص نشستوں پر ایم پی اے بننے والی سمیعہ بی بی اور ملیحہ نثار نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا، مسلم لیگ نواز کی رکن ثوبیہ شاہد شہبازشریف کی تصویراٹھائے اسپیکر ڈائس کے سامنے پہنچ گئیں۔ اپوزیشن اراکین نے نعرہ بازی کی اور احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ صوبائی وزراء شہرام ترکئی اور تیمورخان جھگڑا اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لائے، وزیرخزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران پیپلزپارٹی کی نگہت اورکزئی اور نواز لیگ کی ثوبیہ شاہد نے احتجاج کرتے ہوئے بجٹ کاپیاں پھاڑ دیں۔