Thursday, April 18, 2024

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور
June 26, 2019
پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا  اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور نعروں کی گونج میں آئندہ مالی سال کا بجٹ منظورکرلیا گیا ،اپوزیشن ارکان  نعرے لگاتے رہے  اور  وزراء کو مطالبات زر پیش کرنے سے روکنے کی کوششیں کیں ،  اسپیکر ڈائس کے سامنے نعرہ بازی بھی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اس وقت ہنگامہ آرائی ہوگئی جب اپوزیشن ممبران کی عدم موجودگی میں اسپیکرمشتاق غنی نے مطالبات زرپر کٹوتی کی تحاریک ختم کردیں ، اپوزیشن ارکان  طیش میں آگئے اور اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوکر نعرہ بازی کی۔ ہنگامے اور احتجاج کے دوران اپوزیشن ارکان  نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑیں  اور صوبائی وزراء کو اپنے محکموں کے مطالبات زر پیش کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔ اسپیکر اور حکومتی ارکان  اپوزیشن کے احتجاج کو نظرانداز کرتے ہوئے مطالبات زر کی منظوری کا عمل جاری رکھا ،  ایوان نے 831 ارب روپے کے ساٹھ مطالبات زرکی منظوری دے کر بجٹ پاس کرلیا ،  وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمودخان نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے کردار کو خلاف روایت قراردیا۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں اس لئےبجٹ کی منظوری تاریخی قدم ہے۔