Wednesday, May 8, 2024

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں لاہور واقعہ پر ثوبیہ شاہد اور نگہت اورکزئی کا احتجاج

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں لاہور واقعہ پر ثوبیہ شاہد اور نگہت اورکزئی کا احتجاج
September 14, 2020
 پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں لاہور واقعہ پر ن لیگ کی ثوبیہ شاہد اور پیپلزپارٹی کی نگہت اورکزئی نے احتجاج کیا۔ نگہت اورکزئی اور ثوبیہ شاہد نے اسپیکر ڈائس کے سامنے  دھرنا دیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیر کا دن خواتین ایم پی ایز کے احتجاج کا دن تھا۔ اسپیکر مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن کی رکن نگہت اورکزئی اور ثوبیہ شاہد نے لاہور موٹروے واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے بینر لے کر کھڑی ہوگئیں اور دھرنا بھی دیا۔ واقعہ پر اظہارخیال کا موقع نہ ملنے پر ایوان سے واک آئوٹ کیا۔ اے این پی کے خوشدل خان نے صحت کی قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن پر میٹرک پاس قرار دے کر کمیٹیوں کی ممبرشپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تو حکومتی خواتین اراکین سراپا احتجاج بن گئیں۔ اسپیکر ڈائس کے سامنے آکر احتجاج کیا۔ اسپیکر مشتاق غنی نے خوشدل خان کے ریمارکس کارروائی سے حذف کر دیئے۔ ایوان نے وزیر قانون سلطان محمد کا پیش کردہ خیبرپختونخوا اسمبلی خیبرپختونخوا لاء افسران کی تعیناتی(ترمیمی) بل منظور کر لیا۔ نگہت اورکزئی کی کورم کی نشاندہی پر اسپیکر نے اجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔