Tuesday, April 16, 2024

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کا احتجاج ، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کا احتجاج ، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں
January 13, 2020
 پشاور (92 نیوز) ضم شدہ قبائلی اضلاع کے ممبران اسمبلی کو بولنے کا موقع نہ دینے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن نے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔  اراکین اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو گئے، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑیں اور نعرہ بازی کرتے رہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اس وقت ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا جب قبائلی ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے نثارمحمد کو بولنے کا موقع نہ دیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان نے پناگاہوں اور محکمہ سیاحت کے حوالے سے دو بل منظور کر لئے۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے اپوزیشن کے احتجاج پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ایجنڈے کی کاپی پھاڑی جس پر مقدس کلمات تحریر تھے۔ اس سے قبل ایوان نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی۔