Friday, March 29, 2024

خیبرپختونخوا ارکان اسمبلی کے 2018 الیکشن کیلئے پیسے لینے کی مبینہ ویڈیو سامنے آگئی

خیبرپختونخوا ارکان اسمبلی کے 2018 الیکشن کیلئے پیسے لینے کی مبینہ ویڈیو  سامنے آگئی
February 9, 2021

پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی کے 2018 میں الیکشن کیلئے پیسے لینے کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی، موجودہ صوبائی وزیر قانون سمیت تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے کئی ارکان نظر آتے ہیں۔

نوٹ کے بدلے ووٹ، خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی کے دو ہزار اٹھارہ میں الیکشن کیلئے پیسے لینے کی مبینہ ویڈیو سامنے آ گئی،ماضی میں قرآن پاک اٹھا کر چار کروڑ نہ لینے کا دعوی کرنے والے سردار ادریس بھی شامل ہیں ، وزیراعظم کے نوٹس کے بعد صوبائی وزیر سلطان محمد نے استعفی دے دیا۔

2018 کے سینیٹ انتخابات میں ایم پی ایز کی مبینہ خرید و فروخت کی ویڈیو سامنے آگئی ، ویڈیو میں پی ٹی آئی کے تین سابق ایم پی ایز  دیکھے جا سکتے ہیں ، ویڈیو میں  قومی وطن پارٹی کے دو سابق ایم پی اے نمایاں ہیں  ۔ قومی وطن پارٹی کے دو سابق ایم پی ایز سلطان محمد اور معراج ہمایوں کو بھی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ۔

جو قرآن اُٹھاکر سچائی کے دعوے کرتے تھے، وہ مبینہ طور پر ضمیر فروش نکلے، دو ہزار اٹھارہ سینیٹ الیکشن کے لیے  پیسے لیکر وفاداریاں بدلنے پر راضی ہوئے،  سینیٹ کے میچ فکسنگ کی ویڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا۔فوٹیج میں نظر آنے والے  پی ٹی آئی رہنما سردار ادریس ہیں ، جنہیں سینیٹ میں ضمیر بیچنے پر پارٹی سے نکالا گیا تو انوہں نے  پریس کانفرنس میں تو بہت واویلا کیا، لیکن اب اس فوٹیج نے اس سازش کا پردہ فارش کردیا۔

پیسوں کی تقسیم کی اس بیٹھک میں قومی وطن پارٹی سے پی ٹی آئی میں آکر وزیر قانون خیبرپختونخوا بننے والے سلطان محمد خان بھی نظر آئے، سلطان محمد خان بھی رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتے رہے ۔پیسے لینے والوں میں سابق ایم پی اے دینہ ناز بھی شامل ہیں ، جو پہلے نوٹوں کے بنڈل گنتی ہیں،پھر تسلی کرکے بیگ میں رکھ لیتی ہیں۔

خاتون ایم پی اے معراج ہمایوں بھی رقم وصول کرکے بیگ میں رکھتی دکھائی دے رہی ہیں، مبینہ ضمیر فروشی کے اس گھناونے کھیل میں عبید اللہ مایار بھی شامل ہیں۔ 

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ  حکومت گھناؤنا دھندا ختم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔ وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا پیسے کی سیاست ختم کرنے کا سنہری موقع ہے۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان نے  کابینہ اور ترجمانوں کے اجلاسوں میں  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگنے سے عوام کا پارلیمنٹ پر اعتماد اٹھ جاتا ہے،اپوزیشن شفاف انتخابات کی مخالف ہے، سپریم کورٹ کا اوپن ووٹنگ پر جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا 2018 کے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی، ویڈیو میں ووٹوں کی خرید و فروخت کا شرمناک فعل نظرآ رہا۔