Sunday, May 12, 2024

خیبرپختونخوا، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں غیرمستحقین کے نام شامل کئے جانیکا انکشاف

خیبرپختونخوا، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں غیرمستحقین کے نام شامل کئے جانیکا انکشاف
April 10, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبرپختونخوا میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام میں غیرمستحقین کے نام شامل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بنوں میں اساتذہ نے اپنے رشتہ داروں کو پروگرام میں شامل کرلیا۔ مردان میں عزیز واقارب کے علاوہ فوت شدہ افراد اور دکانداروں کو بھی احساس پروگرام میں شامل کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے بچائو کے لاک ڈائون سے متاثرہ غریب مستحق افراد کے حق پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش سامنے آگئی۔ بنوں میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین کی فہرستوں کی تیاری کے دوران اساتذہ نے اپنے غیرمستحق رشتہ داروں کو شامل کیا۔ ضلع مردان میں بھی پروگرام کے تحت رجسٹریشن میں بے قاعدگی سامنے آئی۔ دستاویزات کے مطابق مستحق افراد کی تیار کردہ فہرست میں فوت شدہ اور غیرمستحق دکانداروں کے نام بھی شامل ہیں۔ یونین کونسل گڑھی کپورا میں سابق ضلع کونسلرکے رشتہ داروں کے نام فہرست میں شامل کرنے کا معاملہ سامنے آیا۔ بنوں میں سرکاری اسکولز کے ٹیچرز کی جانب سے بے ضابطگی سامنے آنے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر بنوں نے چھ اساتذہ کو معطل کردیا۔ لیکن مردان میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر تاحال کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی۔