Thursday, March 28, 2024

خیبرپختونخوا : 7اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

خیبرپختونخوا : 7اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری
September 20, 2016
پشاور (92نیوز) پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے سات اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ صوبہ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات‘ پشاور میں اکیس پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ پشاور‘ صوابی‘ کرک‘ ٹانک‘ ایبٹ آباد‘ بونیر اور دیر لوئر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ایک لاکھ 16 ہزار 208 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پشاور میں 49 ہزار 582‘ صوابی میں 3ہزار 382‘ کرک میں 10 ہزار 425‘ ٹانک میں 15 ہزار 570‘ ایبٹ آباد میں 12 ہزار 775‘ بونیر میں 6ہزار 347 اور لوئر دیر میں 18 ہزار 127 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ صوبہ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پشاور میں 21 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 17 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پشاور میں 38 پولنگ سٹیشن‘ صوابی میں 4‘ کرک میں 10‘ ٹانک میں 19‘ ایبٹ آباد میں 13‘ بونیر میں 5 اور دیر لوئر میں 6 پولنگ سٹیشن قائم کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 38 پریزائڈنگ افسران‘ 99اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران اور 99 پولنگ افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پشاور سمیت 7 اضلاع میں الیکشن ڈیوٹی دینے والے پریزائڈنگ‘ اسسٹنٹ پریزائڈنگ اور پولنگ افسران کو باقاعدہ تربیت دی ہے۔