Friday, May 10, 2024

خیبرٹیچنگ اسپتال میں 6 مریضوں کی موت کا معاملہ ،92 نیوز نے رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی

خیبرٹیچنگ اسپتال میں 6 مریضوں کی موت کا معاملہ ،92 نیوز نے رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی
December 7, 2020

پشاور (92 نیوز) پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن نہ ملنے کے باعث 6 مریض جاں بحق ہونے کے واقعہ کی رپورٹ کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کرلی ۔

پشاورکے خیبرٹیچنگ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی انتہاء ہو گئی ،  آئیسولیشن اور دیگر وارڈز کی آکسیجن بند ہونے کے باعث 6 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس مجرمانہ غفلت کی ابتدائی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی۔ 92 نیوز کو ملنے والی رپورٹ کے مطابق اسپتال ڈائریکٹر طاہر ندیم سمیت اسپتال کے سات ملازمین کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال میں دس ہزار کیوبک میٹرآکسیجن کا پلانٹ ہے لیکن بیک اپ کا کوئی انتظام نہیں تھا،آکسیجن سپلائی کرنے والی کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم تھا جس کی تجدید نہیں کی گئی۔ اسپتال میں جاں بحق ہونے والے مریض خیراز گل کے بھائی نےغفلت کے مرتکب اسپتال ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

معطل ہونے والے دیگر ملازمین میں فیسیلیٹی منیجرطاہرشہزاد، منیبر سپلائی علی وقاص، بائیو میڈیکل انجینئر بلال بابک، آکسیجن پلانٹ اسسٹنٹ نعمت، وحید اور شہزاد اکبرشامل ہیں۔

معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ  جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔

تیمور سلیم جھگڑا بولے  آئندہ5روزمیں واقعہ کی تفصیلی رپورٹ آ جائے گی۔