Thursday, March 28, 2024

خیبر پختونخوا میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

خیبر پختونخوا میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
April 4, 2021

پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا میں کورونا کی تیسری لہر تباہ کن ثابت ہو رہی ہے، گزشتہ روز صوبے میں کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک روز کے دوران صوبے میں کورونا کے1177 مریض سامنے آئے، کورونا سے یومیہ اموات بھی 20 سے تجاوز کر گئیں۔

خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اوسطاً ایک ہزار سے زائد مریض یومیہ رپورٹ ہو رہے ہیں، پچھلے روز 1177 مریض رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی متاثرہ مریضوں کی تعداد 91439 تک پہنچ گئی۔

صرف یہی نہیں کورونا کی دوسری لہر کی نسبت اموات کی شرح میں تقریباً تین گنا اضافہ ہو گیا ہے، پچھلے روز کورونا سے 23 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ ایک روز قبل کورونا سے 35 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ صرف پانچ روزمیں 121 افراد کورونا کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

صوبائی دارالحکومت کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ پشاور کے سب سے بڑے اسپتال ایل آر ایچ میں کورونا کے 200 سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔ تیسری لہر کے دوران صوبے میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد بھی 10709 مریضوں کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔