Sunday, September 8, 2024

خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے جان بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی

خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے جان بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی
September 11, 2017

پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا میں ڈینگی نے ایک اور جان لے لی، پشاور کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والا 85 سالہ بزرگ ڈینگی کے باعث دم توڑ گیا۔ صوبے میں ڈینگی سے جان بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے جبکہ ڈینگی کے مزید 343 مریض بھی سامنے آئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں ڈینگی مریضوں اور اس مرض سے ہونے والی اموات کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے، صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے سربند سے تعلق رکھنے والا 85 سالہ بزرگ شمروز ڈینگی کے باعث جان بحق ہو گیا جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے جان بحق افراد کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔

پیر کے روز ڈینگی کے مزید 343 مریض سامنے آنے پر صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 343 نئے مریضوں میں 88 کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

جبکہ اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 391 رہ گئی ہے، 117 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے علاج پر توجہ ضرور دی جا رہی ہے مگر اس سے بچاؤ کے طریقے غیر موثر ثابت ہونے لگے ہیں۔