Friday, April 26, 2024

خیبر پختونخوا میں نئے کمرشل کنکشن پر گیس کی قیمت میں اضافہ

خیبر پختونخوا میں نئے کمرشل کنکشن پر گیس کی قیمت میں اضافہ
July 14, 2020
پشاور (92 نیوز) دوسرے صوبوں کومہنگی آر ایل این جی سستی بیچنے سے 73 ارب روپے کا خسارہ، خیبرپختونخوا کو دگنی قیمت پرگیس فروخت کرکے پورا کرنے کی تیاری کرلی گئی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی معاملہ وزیراعظم کے سامنے اورمشترکہ مفادات کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ سوئی نادرن گیس کمپنی نےمہنگی امپورٹ کی گئی آرایل این جی دیگر صوبوں کے صنعتی اور گھریلو صارفین کو سستی فراہم کی۔ دو سال میں مہنگی آر ایل این جی سستی بیچنے پر ایس این جی پی ایل کو 73 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔ خسارا پورا کرنے کےلئے گیس کمپنی نے خیبر پختونخوا سے نکلنے والی گیس صوبے کے نئے کمرشل صارفین کو دگنی قیمت پر بیچنے کی تیاری کرلی۔ مہنگی آر ایل این جی سستی بیچنے کی غلطی کا خمیازہ خیبرپختونخوا کو بھگتنا پڑے گا، خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کی اپنی گیس دگنی قیمت پر دینے کا معاملہ نہ صرف وزیراعظم کے سامنے رکھنے بلکہ اسے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ خیبرپختونخوا کے مشیرتوانائی حمایت اللہ نے اس معاملے پر اوگرا کو بھی خط لکھ دیا ہے، خط میں واضح کیا گیا ہے کہ ضرورت سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے پر دیگرصوبوں کا بوجھ ڈالنا آئین کی شق 158 کی خلاف ورزی ہے۔