Friday, April 19, 2024

خیبر پختونخوا میں خواتین مردوں کی نسبت کورونا سے زیادہ محفوظ

خیبر پختونخوا میں خواتین مردوں کی نسبت کورونا سے زیادہ محفوظ
October 21, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبر پختونخوا میں جہاں 3 مرد کورونا کے باعث جاں بحق ہوتے ہیں وہاں ایک خاتون موت کا شکار ہو جاتی ہے، 72 فیصد مردوں کے مقابلے میں اب تک صرف 28 فیصد خواتین کورونا پازیٹیو قرار دی جا چکی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں خواتین مردوں کی نسبت کورونا سے زیادہ محفوظ ہیں، یہ کوئی اور نہیں کہہ رہا ہے بلکہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ ہے، ڈبلیو ایچ او کے مطابق خیبر پختونخوا میں اب تک 27 ہزار 434 مرد کورونا سے متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ خواتین کی تعداد صرف 11 ہزار کے لگ بھگ رہی۔ یوں خیبر پختونخوا میں 72 فیصد مردوں کے مقابلے میں صرف 28 فیصد خواتین کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔

محکمہ صحت سے وابستہ اہلکاروں میں سے مردوں کے مقابلے میں خواتین بہت کم کورونا کا نشانہ بنیں، یہاں 1810 مرد اور صرف 671 خواتین ہیلتھ ورکرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

صرف یہی نہیں خیبر پختونخوا میں کورونا سے 945 مرد اور 319 خواتین جاں بحق ہوئیں، یوں خواتین کی نسبت تین گنا زیادہ مرد کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے ۔