Saturday, May 11, 2024

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے سردی بڑھ گئی، رابطہ سڑکیں بند

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے سردی بڑھ گئی، رابطہ سڑکیں بند
November 15, 2020
پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گلیات، ناران، شانگلہ، سوات اور دیر کے بالائی اور پہاڑوں پر کئی فٹ برفباری ہوئی، برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں۔ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 2 روز سے بارشیں جاری ہیں، طویل عرصے بعد بارشوں کے باعث جہاں خشک سالی کا خاتمہ ہوا وہاں سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ دیر میں 86 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مالم جبہ میں 75، سیدو شریف میں 61، چترال میں 45 جبکہ پشاور شہر میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب گلیات، ناران، شانگلہ، دیر کے پہاڑی علاقوں کمراٹ، شاہی، عشیری درہ اور لواری ٹاپ سمیت پاک افغان بارڈر جندول میں برفباری ہوئی اور بالائی سوات میں کالام اور مالم جبہ میں برفباری ہوئی جس سے پورے علاقے نے سفید چارد اوڑھ لی۔ شدید برفباری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ شدید برفباری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئی ہیں جبکہ ناران میں گاڑیاں برف میں پھنس کر رہ گئیں۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔