Sunday, May 5, 2024

خیبر پختونخوا میں 37نئے شعبوں پر ٹیکس عائد، سیکیورٹی کمپنیوں، فرنچائز اور آٹو ورکشاپس پر دس فیصد ٹیکس کی تجویز

خیبر پختونخوا میں 37نئے شعبوں پر ٹیکس عائد، سیکیورٹی کمپنیوں، فرنچائز اور آٹو ورکشاپس پر دس فیصد ٹیکس کی تجویز
June 16, 2015
خیبرپختونخوا (نائنٹی ٹو نیوز) خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت سینتیس نئے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لے آئی ہے اور کئی چھوٹے کاروباروں پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے سینتیس نئے شعبوں پر ٹیکس لگا دیا ہے۔ صوبے میں اب سیکورٹی کمپنیوں، فرنچائز سروسز، ٹریکنگ اینڈ الارم سروسز، آٹو ورکشاپ اور آٹو میکنک کو دس فیصد کے حساب سے ٹیکس دینا پڑے گا۔ صرف کاروبار ہی نہیں اب تو دس ہزار مربع فٹ والے مکانات اور فلیٹس کی تعمیر پر پچاس روپے فی مربع گز کے حساب سے ٹیکس دینا لازمی ہو گا۔ مکانات بنانے والے ڈویلپرز پر سو روپے فی مربع گز کے حساب سے ٹیکس لاگو ہو گا۔ ایڈورٹائزنگ ایجنٹس، ٹور آپریٹرز، پراپرٹی ڈیلرز، کار ڈیلرز، رینٹ اے کار، آرکیٹیکٹ، پلینرز پراپرٹی ڈویلپرز، انٹیریر ڈیکوریٹرز سے بھی پندرہ فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ معدنیات مائننگ، وکلاء، اکاؤنٹنٹ اور آڈیٹرز کیا اب تو ٹیکس سے متعلق مشورہ دینے والے ٹیکس کنسلٹنٹس بھی پندرہ فیصد ٹیکس دینے کے پابند ہوں گے۔ فوٹو گرافر، ویڈیو گرافر، وئیر ہائوسز، کنٹینرز کے ٹرمینلز، پلاسٹک سرجری، ویڈیو اینڈ پروڈکشن سروسز، ٹی وی ریڈیو اینڈ پروڈکشن ہاؤسز اور براڈ کاسٹنگ سروسز پر پندرہ فیصد ٹیکس لگایا جائے گا۔ بجٹ میں پٹرول اور سی این جی سٹیشنوں پر بھی ٹیکس بڑھا دئیے گئے ہیں۔ ٹرائی سائیکل اور رکشہ چلانے والے بھی سالانہ چار سو روپے ٹیکس ادا کریں گے۔ مساج سنٹروں، جمز اور ہیلتھ کلب کے علاوہ فٹنس سنٹرز بھی اب ٹیکس دیں گے۔