Monday, May 13, 2024

خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی

خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی
November 16, 2019
سوات(92 نیوز) خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی، کالام، مالم جبہ اور مٹہ میں وقفے وقفے سے برفباری، وادی لیپا اور گریس ویلی میں رابطہ سڑکیں بند جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ملک کے بالائی علاقوں میں سڑکیں مکان درخت ہر شے برف میں گم ہوگئی، آسمان سے گرتے روئی کے گالوں نے مناظر ہی بدل دئیے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، سوات، مانسہرہ، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت سمیت دیگر علاقوں میں برفباری نے سردی کی شدت بڑھا دی، سوات کی وادی کالام، مالم جبہ اور مٹہ میں بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے لوگ دلکش مناظر میں کھو گئے۔ سکردو، گوپس، استوار، پارا چنار، مینگورہ، دیر بالا ہنگو میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ مظفر آباد آزاد کشمیر میں بھی شدید  برفباری ہوئی ہے، برفباری کے باعث  وادی لیپا اور گریس ویلی کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، مواصلاتی نظام بھی بیٹھ گیا جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، ادھر ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں اور پشاور میں بھی کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش نے سردی کی شدت بڑھا دی، لاڑکانہ، جیکیب آباد سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے موسم سرد ہو گیا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا میں اکثرمقامات پر جبکہ پنجاب، زیریں خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش  پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔