Thursday, April 25, 2024

خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن :سیاسی خانوادوں کے چشم و چراغ ایک بار پھر اقتدار کی سیڑھیوں کے قریب پہنچ گئے

خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن :سیاسی خانوادوں کے چشم و چراغ ایک بار پھر اقتدار کی سیڑھیوں کے قریب پہنچ گئے
May 31, 2015
پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا میں کہیں خاندانی سیاست کے خاتمے کے تابوت میں کیل ٹھونکے گئے تو کسی کے لئے یہ الیکشن بنا بڑے ایوانوں میں جانے کے لئے ابتدائی تربیت گاہ ،کسی کا بیٹا کسی کا بھائی تبدیلی کے روپ میں خاندانی سیاست نے ایک بار پھر انگڑائی لے لی ہے۔ تفصیلات  کے مطابق  سب سے پہلے بات کرتے ہیں  خاندانی سیاست کے خاتمے کی دعویدار جماعت  پاکستان تحریک انصاف کی،نوشہرہ کی یو سی مانکی شریف  کی نشست  وزیر اعلی کے گھر  میں ہی رہی ضلع کونسل  کے لئے پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک  ممبر منتخب ہوئے تو تحصیل کونسل   سےبھتیجے احد  خٹک  نے الیکشن جیت  ڈالا۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر امان اللہ جدون  کے بیٹے علی جدون نے  ایبٹ آباد کے کاکول وارڈ سے سیاسی اننگز شروع کی  ۔ خیبر پختونخوا اپوزیشن   میں بھی یہی روایت دیکھنے کو ملی ،امیر مقام کے بیٹے زبیر احمد شانگلہ  کی یوسی بنگلئی سے جیت کر خاندانی سیاست کا ایک اور پھول بنے  ۔ اور  تو اورگورنر کے  پی  سردار مہتاب عباسی    کے بیٹے شمعون عباسی  ایبٹ آباد وارڈ  نمبرآٹھ سے جیتے اے این پی کے سابق اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی کے بھائی رضا اللہ پشاور کے ضلع کونسل کے ممبر منتخب ہو گئے ۔ جے یو آئی کےکامیاب امیدواروں کی فہرست میں   بھی اپنے پیارے شامل ہیں ۔۔ مولانا فضل الرحمان کے بھائی عبیدالرحمان  وانڈا محمد خان  ڈی آئی خان سے ضلع کونسل کے ممبر بنے، مولانا کے سمدھی کے بیٹے زبیر علی پشاور  ضلع کونسل میں نظر آئیں گے ۔ اکرم خان درانی کے چچا زادعرفان درانی بنوں سے ضلع کونسل کے ممبر بنے۔ پیپلز پارٹی کے سابق وزیر ارباب عالمگیر کے بیٹے ارباب زرک علی خان   پشاور ضلع کونسل میں مستقبل کی تربیت لیں گے۔