Friday, April 19, 2024

خیبر پختونخوا اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ جاری

خیبر پختونخوا اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ جاری
March 5, 2015
اسلام آباد (ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی  حتمی تاریخ  تیس  مئی اور کنٹونمنٹ ایریاز میں  پچیس  اپریل مقرر کردی ،جبکہ  سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا نظر ثانی شدہ شیڈول ایک بار پھر مانگ لیا۔ پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخوا سمیت کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخاب کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ ، جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں کی ۔ اٹارنی جنرل نے سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کنٹونمنٹ بورڈ میں بلدیاتی انتخابات کا نظر ثانی شدہ شیڈول عدالت میں جمع کرایا ، تاہم عدالت نے صرف کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی الیکشن کے لیے دی گئی 25 اپریل کی تاریخ کو تسلی بخش قرار دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 30 مئی کی حتمی تاریخ بھی دے دی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے عدالت میں پیش ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن عرفان کوثر نے بتایا کہ سندھ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے لیے کل 40 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کرنا ہے جس کے لیے وقت درکار ہے ، اسی وجہ سے سندھ پنجاب کاانتخابی شیڈول سال کے آخرمیں رکھا گیا،کیونکہ پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان کی مشینیں 1951 کی ہی جو کہ تیزی سے چھپائی نہیں کرسکتیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ  حکومت پرنٹنگ کارپوریشن کی مشینیں جرمنی لے جائے میوزیم والے خرید لیں گے ، جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ حکومت کو ان مشینوں سے اتنا ہی پیار ہے تو ایک میوزیم ہی کھول لے ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا کہ ایک خود مختار ادارہ ہوتے ہوئے بھی الیکشن کمیشن نے اپنا پرنٹنگ پریس کیوں قائم نہیں کیا ، عدالت نے ایک بار پھر سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا نظر ثانی شدہ شیڈول چیمبر میں طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔