Sunday, September 8, 2024

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گیا

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گیا
September 20, 2017

پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گیا۔ اجلاس کے دوران جہاں اپوزیشن اراکین نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر واک آؤٹ کیا وہاں ڈپٹی سپیکر مہر تاج روغانی اور سابق صوبائی وزیر انیسہ زیب کے درمیان دلچسپ نوک جھونک بھی دیکھنے کو ملی۔

ہنگامہ آرائی، واک آؤٹ، نوک جھونک، کورم ٹوٹنا، یہی وہ کارروائی تھی جو خیبر پختونخوا اسمبلی میں دیکھنے کو ملی۔ حزب اختلاف کے اراکین مفتی جانان اور شیراز خان نے اپنے اپنے حلقوں میں مختلف محکموں میں ہونے والی بھرتیوں کے حوالے سے اعتراض کیا اور سوال کمیٹی کے حوالے کرنے پر اصرار کیا تو بات تلخ کلامی سے بڑھتی ہوئی ہنگامہ آرائی اور واک آؤٹ پر منتج ہو گئی۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے حوالے سے قرار داد بھی اپوزیشن کی غیر موجودگی میں منظور کر لی گئی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی سپیکر مہر تاج روغانی نے یہ کہہ کر انیسہ زیب کو جواب دینے سے روک دیا کہ اب وہ وزیر نہیں رہی اس لئے حکومت کے حق میں بات نہیں کریں گی جس پر انیسہ زیب نے شکوہ کیا کہ انہیں ڈپٹی سپیکر سے اس بات کی توقع نہیں تھی، وہ وزیر رہے نہ رہے، ہمیشہ سچ بولتی ہیں۔