Sunday, May 12, 2024

خونی کورونا پوری دنیا میں ایک لاکھ سے زائد انسانی زندگیاں نگل گیا

خونی کورونا پوری دنیا میں ایک لاکھ سے زائد انسانی زندگیاں نگل گیا
April 11, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) خونی کورونا پوری دنیا میں ایک لاکھ سے زائد انسانی زندگیاں نگل گیا، متاثرین کی تعداد بھی سترہ لاکھ تک پہنچ گئی، قاتل وائرس کا قہر برطانیہ اور فرانس کو نشانہ بنانے لگا۔ کورونا وائرس سے اٹلی میں مزید 570 افراد، فرانس میں 987، برطانیہ میں 980، اسپین میں 634 اور بیلجیئم میں 500 افراد نے دم توڑا۔ امریکا میں ایک روز میں دوہزار سے زائد لوگوں نے دم توڑا، مجموعی تعداد 18ہزار 761 ہوگئی، 33ہزار نئے کیسز کے بعد متاثرین بھی پانچ لاکھ سے بڑھ گئے۔ چین میں سر اٹھانے والا پُراسرار کووِڈ نائن ٹین پوری دنیا میں ایک لاکھ سے زائد زندگیاں نگل گیا، متاثرین کی تعداد بھی سترہ لاکھ تک جاپہنچی، یورپ میں خونی وائرس قہر ڈھا رہا ہے۔ برطانیہ میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جارہی، جہاں مزید نو سو اسی مریض مارے گئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید اٹھ ہزار چھے سو اکیاسی افراد وائرس کا نشانہ بن چکے ہیں، انفیکٹڈ وزیراعظم بورس جانسن کو حالت بہتر ہونے پر ہلکی چہل قدمی کی اجازت دے دی گئی۔ فرانس میں بھی خونی کورونا کے وار تیز ہوگئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید نو سو ستاسی افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جس کے بعد مجموعی اموات تیرہ ہزار تک جاپہنچی ہیں۔ کورونا کا دوسرا گڑھ کہلانے والے اٹلی کے حالات بہتر ہونے لگے، چوبیس گھنٹوں میں پانچ سو ستر ہلاکتیں جبکہ تین ہزار نو سو اکاون نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کورونا کے مکمل کنٹرول کیلئے اطالوی وزیراعظم جوزیپے کونتے نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کردی ہے۔ یورپ میں وائرس سے متاثر ہونے والے دوسرے بڑے ملک اسپین میں صورتحال سنبھل رہی ہے، چوبیس گھنٹوں میں پانچ سو تئیس مریض ہلاک ہوگئے، اب تک پانچ پاکستانیوں سمیت پندرہ ہزار نو سو ستر افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ہسپانوی وزیراعظم نے ایمرجنسی کو دس مئی تک بڑھانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ترکی میں اموات کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، اب تک سنتالیس ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اکتیس بڑے شہروں میں دو روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا۔