Friday, April 19, 2024

خون خرابا چاہتے ہیں نہ امن و امان پر سمجھوتہ کریں گے، وزیراعظم

خون خرابا چاہتے ہیں نہ امن و امان پر سمجھوتہ کریں گے، وزیراعظم
November 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ خون خرابا چاہتے ہیں نہ امن و امان پر سمجھوتہ کریں گے۔

وزیراعظم نے کور کمیٹی اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتایا گیا کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث املاک کو نقصان پہنچا۔ عمران خان نے کالعدم تنظیم سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا۔

واضح کیا کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے۔ پارٹی رہنماؤں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ اعلان کیا کہ ایک کروڑ سے زیادہ آبادی کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے پیکیج لایا جائیگا۔

وزیراعظم عمران خان وزراء اور کور کمیٹی قیادت سے نالاں، شکوہ کیا کہ کوئی بھی معاملہ ہو آپ لوگ ایک ساتھ نظر نہیں آتے۔ چند ہفتوں میں وزراء اور پارٹی قیادت فرنٹ فٹ پر نظر نہیں آئی۔ وزیراعظم نے کور کمیٹی ارکان کو ایم کیو ایم کی مثال دے ڈالی۔

عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو رابطہ عوام مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ بلدیاتی ٹکٹ میرٹ پر دینے کا بھی اعلان کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی جس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ بزدار نے وزیراعظم کو کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران ریاستی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

 

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کو امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو خونریزی ہوگی اور نہ ہی امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔