Wednesday, May 8, 2024

خوشی ہے پاکستان اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے کام کررہا ہے، سعودی وزیر خارجہ

خوشی ہے پاکستان اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے کام کررہا ہے، سعودی وزیر خارجہ
May 9, 2021

لاہور (92 نیوز) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے 92 نیوز کے سینئر اینکر پرسن ڈاکٹر معید پیرزادہ کو خصوصی انٹرویو میں کہا، خوشی ہے پاکستان اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لئے کام کررہا ہے۔ اوآئی سی اہم تنظیم ہے، اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے اوآئی سی کا کردار اہم ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب

سعودی وزیر خارجہ نے کہا وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران انٹر ویو دینے پر خوشی ہورہی ہے۔ معاشی اور سکیورٹی تعاون کے لئے سپریم کونسل کا قیام نہایت اہم ہے۔ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی تاریخ میں یہ اہم ترین دورہ ہے۔ دورے میں معاشی تعاون،سرمایہ کاری اور تجارت کو بڑھانے پر توجہ مرکوز تھی۔

اسلامو فوبیا

اُنہوں نے کہا، عالمی برادری کے درمیان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے بات چیت ضروری ہے۔ اسلام فوبیا کے خاتمے کے لئے مسلم ممالک کے درمیان بات چیت کی ضرورت ہے۔ خوشی ہے پاکستان اسلام فوبیا کے خاتمے کے لئے کام کررہاہے۔ مُسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پاکستان اور سعودی عرب مل کرکام کررہے ہیں۔ اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لئے او آئی سی بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ سعودی عرب،پاکستان مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی ملکر کام کررہے ہیں۔

پاکستانی قیدیوں کی رہائی

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی پاکستان کے دورے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اعلیٰ سطح کے دوروں کے علاوہ دیگر حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے۔ کہا کہ، شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کے دوران مخصوص پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں گے۔

افغان امن عمل

افغانستان امن عمل کے حوالے سے انہوں نے کہا، سعودی عرب افغانستان میں امن کے قیام کا خواہاں ہے، افغانستان نہ صرف پاکستان کی سکیورٹی کے لئے اہم ہے بلکہ اس سے خطے کی سکیورٹی بھی جڑی ہوئی ہے۔ سعودی عرب افغانستان میں پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔

پاک سعودی تعلقات

شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے مزید کہا، سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی کام کررہے ہیں، جو سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ دونوں ممالک کے 70 سال پر محیط تعلقات انتہائی اہم ہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان مل کر موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے کام کررہے ہیں، سعودی عرب، پاکستان ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیراعظم کے دورے کا مقصد سرمایہ کار دوست ماحول بنانے کیلئے اقدامات کا تعین بھی ہے۔