Sunday, May 19, 2024

خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کو ہم سے بچھڑے 27 برس بیت گئے

خوشبو کی شاعرہ پروین شاکر کو ہم سے بچھڑے 27 برس بیت گئے
December 26, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) محبت کی خوشبو کو شعروں میں سمونے والی شاعرہ پروین شاکر کو ہم سے بچھڑے 27 برس ہوگئے۔ 24 نومبر 1952 کو کراچی میں آنکھ کھولنے والی پروین شاکر اردو ادب کے منظر نامے پر ’’ماہِ تمام ‘‘ کی طرح چمکتی دکھائی دیتی ہیں۔

اردو شاعری کو ایک نئی طرز بخشنے والی عظیم شاعرہ پروین شاکر نے جامعہ کراچی سے انگریزی ادب میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ پروین شاکر کی منفرد کتاب خوشبو منظر عام پر آئی تو شاعرہ کے الفاظ کی مہک چارسو پھیل گئی۔

اپنی منفرد شاعری کی کتاب ’’خوشبو‘‘ سے اندرون و بیرون ملک بے پناہ مقبولیت حاصل کی، انہیں اس کتاب پر آدم جی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بعد ازاں انہیں پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ بھی ملا۔

پروین شاکر کی تصانیف صد برگ، انکار، مسکراہٹ، چڑیوں کی چہکاراور کف آئینہ، ماہ تمام، بارش کی کن من بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی، الفاظ کا انتخاب اور لہجے کی شگفتگی نے پروین شاکر کو مقبول عام شاعرہ بنا دیا۔

لطیف جذبات کو الفاظ کا پیر ہن دینے والی خوشبوؤں کی نفیس شاعرہ پروین شاکر 26 دسمبر 1994ء کو 42 سال کی عمر میں ٹریفک کے ایک المناک حادثہ میں اپنا سفر زیست تمام کرتے ہوئے مالک حقیقی سے جا ملیں۔