Thursday, April 25, 2024

خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں  10روز کی توسیع

خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں  10روز کی توسیع
January 7, 2020
سکھر ( 92 نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10روز کی توسیع  کر دی گئی  ، پی پی رہنما کو 17 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ، ان کے صاحبزادوں، رکن سندھ اسمبلی فرخ شاہ، زیرک شاہ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ سمیت اٹھارہ افراد کیخلاف  نیب کے ریفرنس کی سماعت سکھر احتساب عدالت میں ہوئی۔ خورشید شاہ کو ایمبولنس کے ذریعے این آئی سی وی ڈی اسپتال سے عدالت لایا گیا ، تاہم سماعت کے آغاز پر نیب ٹیم کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سماعت ایک بجے تک ملتوی کردی تھی۔ خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار نے میڈیا سے گفتگو میں ریفرنس کو خورشید شاہ کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا  کہ یہ عجیب کیس ہے جس میں ملزمان تو وقت پر عدالت میں پہنچ جاتے ہیں لیکن نیب کی ٹیم نہیں پیش ہوتی  جبکہ عدالت کی جانب سے دوبارہ ریفرنس کی سماعت شروع کی گئی تو نیب کے وکلاء  نے پیش ہوکر خورشید شاہ اور ان کے ساتھیوں کیخلاف 14 جلدوں پر مشتمل دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کر دیے ۔ عدالت نے خورشید شاہ کا مزید دس روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ  پارلیمنٹ جو فیصلہ کرتی ہے وہ بہت اہم ہوتا ہے اس سے نتائج ملتے ہیں،  حکومت کو دنیا میں بات کرنے کا موقع ملتا ہے، موجودہ حکومت کو شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسا رول ادا کرنا چاہیے۔ رہنما پیپلزپارٹی  نے کہا کہ  موجودہ حکومت اس رول کو اچھے سے ادا نہیں کر رہی،  پاکستانی لیڈر شپ کو صرف مسلم ممالک سے نہیں پوری دنیا سے رابطہ کرنا چاہیے،  ایران اور امریکا کے بیچ کشیدگی بہت خطرناک بات ہے۔