Friday, April 19, 2024

خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر نیب سے گرفتاری کا بنیادی مواد طلب

خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر نیب سے گرفتاری کا بنیادی مواد طلب
October 20, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر نیب سے گرفتاری کا بنیادی مواد طلب کر لیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا بتایا جائے کہ موجودہ کیس نیب دائرکار میں ہے یا نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ  نیب آرڈیننس آنے سے نیب دائرہ اختیار پر مختلف ابہام ہیں۔ کلئیرنس کے لیے حکومت نے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ عدالت وقت دے۔

وکیل درخواست گزار مخدوم علی خان کا کہنا تھا کہ  سارا مسئلہ 574 ایکڑ زمین کی خریداری پر دی گئی رقم کا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے سوال اٹھایا کہ جب خورشید شاہ نے زمین خریدی کیا وہ پبلک آفس ہولڈر تھے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا  جو نیب نے الزامات لگائے وہ ریفرنس کا حصہ نہیں بنائے گئے۔ چئیرمین نیب کی طرف سے خورشید شاہ کی گرفتاری کا کوئی حکم ریکارڈ پر نہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے کے بجائے خورشید شاہ کو گرفتار کیوں کیا؟ وقفے کے  بعد دوبارہ سماعت پرعدالت نے نیب سے  خورشید شاہ پر لگائے گئے الزامات کی تفصیل طلب کر لی۔ کیس کی سماعت کل پھر ہو گی۔