Friday, April 26, 2024

خورشید شاہ کا وزیر اعظم کو خط

خورشید شاہ کا وزیر اعظم کو خط
March 30, 2015
لاہور(ویب ڈیسک)اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا وزیراعظم نوازشریف کو خط، جوڈیشل کمیشن  کے قیام پر مبارکباد۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ہمیں اس بات کا افسوس ہے کہ دھرنا ختم ہونے کے بعدحکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے  وزیر اعظم  نواز شریف کو خط لکھا ہے ۔ خط میں  اپوزیشن لیڈر نے  وزیر اعظم کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے   جوڈیشل کمیشن کے قیام  پر  مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام خوش آئند اور ملکی مفاد میں ہے،پیپلز پارٹی نے شروع دن سے محاذ آرائی کی سیاست کو رد کیا۔ غیرسیاسی اور غیرجمہوری اقدامات کسی طور پرملکی مفاد میں نہیں۔ خورشید شاہ  نے  اس بات پر افسوس  کا  اظہار کیا ہے  کہ دھرنا ختم ہونے کے بعدحکومت کی انتخابی اصلاحات پر توجہ کم ہوگئی، انتخابی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے عمل کو مشاورت سے جلدازجلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کیلئے انتخابی اصلاحات کمیٹی جلدسے جلد اپنی سفارشات پیش کرے۔ توجہ نہ دی گئی توعوام سمجھے گی کہ حکومت انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں۔ خورشید شاہ   نےخط میں انتخابی اصلاحات کو موثربنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔