Thursday, April 25, 2024

خورشید شاہ نے حسین حقانی کو غدار قرار دیدیا

خورشید شاہ نے حسین حقانی کو غدار قرار دیدیا
March 13, 2017
اسلام آباد(92نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے امریکی اخبار میں شائع متنازعہ  مضمون نے پاکستان  کی سیاست میں ہلچل مچا دی۔ پارلیمنٹ کی جانب سے حسین حقانی کے بیان کی نہ صرف مذمت کی گئی بلکہ اس وقت کی حکومت سے وضاحت بھی مانگ لی گئی جبکہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے حسین حقانی کو غدار قرار دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان میں سی آئی اے کے ایجنٹوں کو ویزے سابق صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رضامندی سے جاری کئے گے تھےیہ اعتراف دوہزار آٹھ میں امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی نے گزشتہ روز واشنگٹن پوسٹ میں شائع  اپنے آرٹیکل میں کیا جس کے بعد پاکستان کے سیاست  میں  نیا پنڈورا باکس کھل گیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں حسین حقانی کے مضمون کی  گونج رہی اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے پہلے حسین حقانی کو غدار قراردیا اور پھر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حسین حقانی ایسی شخصیت نہیں جس پر ایوان میں بات کی جائےوہ توجہ حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے انہیں نظر انداز کردیا جائے۔ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ حسین حقانی جیسے  افراد کس کی ایما پر کام کررہے ہیں سابق صدر کو جواب دینا ہوگا کہ سی آئی اے کے ایجنٹوں کو ویزے کیسے جاری کئے گئے۔ پیپلز پارٹی  کے فرحت اللہ بابر کا  موقف تھا کہ اگرکسی نے غلط کام کیا ہے تو اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ اویس لغاری کے نزدیک  حسین حقانی نے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہےپیپلز پارٹی کو  ان  کے بیان کی تردید کرنی چاہیے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی کا کہنا تھا کہ حسین حقانی نے حسب عادت پاکستان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی ہے۔