Friday, April 19, 2024

خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت پر رہا

خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت پر رہا
December 17, 2019
سکھر (92 نیوز) احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو نیب تحقیقات مکمل نہ ہونے پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ احتساب عدالت سکھر نے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ بغیر شواہد کسی ملزم کو اس طرح جیل میں نہیں رکھا جا سکتا، اگر خورشید شاہ کے خلاف شواہد ہیں تو نیب ریفرنس میں ذکر کرے۔ عدالت کا کہنا تھا نیب ریفرنس میں شواہد کا جائزہ لے کر عدالت خورشید شاہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے گی۔خورشید شاہ بطور ضمانت 50 لاکھ روپے زر ضمانت جمع کرائیں۔ احتساب عدالت نے کہا تفتیشی افسر کو متعدد بار کہا گیا کہ تحقیقات مکمل کریں، نیب تفتیشی افسر مقرر کردہ 90 دن میں تحقیقات مکمل کرنے میں ناکام رہا۔ عدالتوں کے متعدد فیصلوں کی نظیر کے پیش نظر ملزم کو بغیر شواہد نہیں رکھا جا سکتا۔ اس قبل 12 دسمبرکو سماعت کے موقع پر سکھر کی احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کی تھی۔ ان کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا تھا کہ نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا۔