Sunday, September 8, 2024

خودکار نظام کے تحت صفائی کرنے والے جدید جاپانی ٹائلٹ مرکز نگاہ بن گئے

خودکار نظام کے تحت صفائی کرنے والے جدید جاپانی ٹائلٹ مرکز نگاہ بن گئے
January 10, 2016
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) امریکی شہر لاس ویگاس کے کنزیومر الیکٹرانکس شو میں جہاں اور بہت سی چیزیں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں وہیں جاپان کے بنے ہوئے اعلیٰ ترین ٹیکنالوجی کے حامل جدید ٹائلٹ بھی مرکز نگاہ بنے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان جاپانی ٹائلٹوں کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ خود کو اپنے آپ صاف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ الیکٹرانکس شو میں جاپانی کمپنی نے یہ ٹائلٹ ڈسپلے کے طور پر رکھے ہیں اور ناقابل استعمال حالت میں ہیں۔ جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کوئی ٹائلٹ کے قریب جاتا ہے تو اس کا ڈھکن خود بخود کھل جاتا ہے اور فراغت کے بعد نہ صرف یہ ڈھکن خودبخود بند جاتا ہے بلکہ خود کار طریقے سے فلش بھی چل پڑتا ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹائلٹ نیم گرم پانی اور ہوا چھوڑتے ہیں جو صارف کی صفائی بھی کرتے ہیں اور پھر خشک بھی کرتے ہیں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ ٹائلٹ استعمال ہونے کے بعد ناصرف خود اپنی صفائی کرتا ہے بلکہ خود کو جراثیموں سے پاک بھی کرتا ہے۔ جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹائلٹ پر ٹائی ٹینیم ڈائی آکسائیڈ اور زرقونیم کی تہیں چڑھی ہوئی ہیں اس لیے کوئی بھی چیز اس ٹائلٹ کی سطح سے چپکی نہیں رہتی۔ تقریباً 70 فیصد جاپانی یہی ٹائلٹ استعمال کرتے ہیں۔ جدید ٹائلٹ کے عام ماڈل کی قیمت دس ہزار ڈالر ہے جبکہ جدید ترین ماڈل کی قیمت اس سے کہیں زیادہ ہے۔