Thursday, April 25, 2024

خودمختاری کی خلاف ورزی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہے: آرمی چیف جنرل راحیل شریف

خودمختاری کی خلاف ورزی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتی ہے: آرمی چیف جنرل راحیل شریف
May 25, 2016

راولپنڈی(92 ںیوز) – آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی سفیر نے ملاقات کی، آرمی چیف نے بلوچستان میں ہونےو الے ڈرون حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کہتے ہیں یہ پاکستان کی خود مختاری پر حملہ ہے، پاک امریکہ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آج جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔

ملاقات میں امریکہ کی جانب سے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں 22 مئی کو ہونے والے ڈرون حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف نے امریکی سفیر پر واضح کیا ہے کہ ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری پر حملہ تھا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے حملے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور علاقائی سلامتی کے لئے جاری امن عمل کے لئے نقصان دہ ہیں۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں اور کامیابیاں ڈھکی چھپی نہیں، جن کا عالمی برادری اعتراف کرتی ہے۔