Thursday, April 25, 2024

خود کو خادم اعلیٰ کہلوانے والے کا اصل چہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا ، صمصام بخاری

خود کو خادم اعلیٰ کہلوانے والے کا اصل چہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا ، صمصام بخاری
July 14, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے شریف فیملی کی منی لانڈرنگ کے متعلق برطانوی کی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا خود کو خادم اعلیٰ کہلوانے والے کا اصل چہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا۔ حکومتی وزرا اور معاونین برطانوی اخبار کی رپورٹ پر شریف خاندان پر برس پڑے۔ معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ تمام چیزیں کھل کر سامنے آچکی ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معاملہ انکوائری کمیشن میں لے جانے کا اعلان کیا ، مزید گرفتاریوں کا عندیہ بھی دے دیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کہتے ہیں کہ بڑے میاں تو بڑے میاں  چھوٹے میاں سبحان اللہ۔ خود کو خادم اعلیٰ کہلوانے والے کا اصل چہرہ سامنے آنا شروع ہو گیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز گل کا کہنا تھا کہ جو بچہ گھر میں چوری کرتا ہے وہ باہر بھی کرتا ہے، یہ خیرات کی رقم بھی لوٹ کر کھا گئے۔ یہ ڈاکو اور چور ہیں، جب ڈاکو اور چور کہا جاتا ہے تو غصہ کرتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر میں ایک فیصد بھی شک و شبہ نہیں ۔ ان کی خدمت کا نام کرپشن، قتل و غارت گری کرنا ہے،  قوم دیکھے گی یہ اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مُجھے ہمیشہ تعجب رہا کہ وہ کون لوگ ہونگے جو خیرات کا پیسہ کھاتے ہیں، ایسے لوگ پارسا بن کر ایمانداری کا راگ الا پتے ہیں۔ چوری کو جمہوریت کا نام دے کر ابو بچاو مُہم چلاتے ہیں۔ شرم آتی ہے انہیں پاکستانی کہنے میں۔ یہ صرف نام کے شریف ہیں۔ وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹویٹ کیا کہ لٹیروں نے نہ صرف پاکستانی قوم کا پیسہ لوٹا بلکہ امداد میں بھی چوری کر لی۔ کتنی شرم کی بات ہے۔ علی زیدی نے ٹویٹ کیا کہ برسوں سے یہ خاندان ملک کی بدنامی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔