Thursday, May 9, 2024

خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرا دو ، وزیراعظم

خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرا دو ، وزیراعظم
June 4, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے خود کو جمہوری کہنے والے فوج کو کہہ رہے ہیں حکومت گرا دو۔

وزیراعظم عمران خان نے لودھراں تا ملتان شاہراہ کی اپ گریڈیشن و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب  میں وزیراعظم نے کہا سارے مافیاز اپنے مفادات کی حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی چوریاں سامنے آرہی ہیں، اس لیے ان کی کوشش ہے حکومت کو گرا دو۔ اس کیلئے یہ کچھ بھی کرنے کیلئے تیار ہیں۔ 1947کے بعد ملک کو بدلنے اور مافیا سے آزاد کرنے کیلئے ایک بہت بڑی جدوجہد چل رہی ہے۔ پاکستان آج جو جدوجہد کر رہا ہے یہ سب سے اہم جدوجہد ہے۔ یہ قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے۔ جہاں قانون کی حکمرانی ہو وہاں کوئی قبضہ مافیا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا جب ہم آئے پہلے ہفتے میں شروع ہو گیا کدھر ہے نیا پاکستان۔ پہلے ہفتے میں ہی شروع ہوگیا تھا حکومت فیل ہو گئی ہے۔ ہم نے ڈھائی سال بڑے صبر سے گزارے، بڑی تنقید ہوئی۔ جب تک این آر او نہیں ملنا اپوزیشن نے تو تنقید کرنی ہے۔

 وزیراعظم بولے مشکل وقت سے نکل گئے ہیں۔ اب گروتھ اور ملکی دولت بڑھانے کا وقت ہے۔ بھارت کی معیشت منفی 7 ہماری گروتھ 4 فیصد پر چلی گئی۔ پاکستان اب ادھر سے سفر کرے گا جب ایک وقت میں پاکستان ایشیا کی چوتھی بڑی معیشت تھی۔ انڈسٹری اور زراعت کو اٹھانے لگے ہیں۔ کسانوں کیلئے پیکیج لیکر آرہے ہیں۔ آئی ٹی ایکسپورٹ دوگنی ہو گئی ہیں۔ پہلی مرتبہ آئی ٹی پر زور لگا رہے ہیں۔ آج وہ کام کر رہے ہیں جو 20 سال پہلے کرنے چاہئیں تھے۔ پاکستان میں 10 ڈیم بن رہے ہیں۔ پاکستان کو گلوبل وارمنگ سے بچانے کیلئے 10 ارب درخت لگا رہے ہیں۔