Saturday, April 20, 2024

خود ساختہ جلاوطن شرجیل میمن اور اویس ٹپی کی سندھ اسمبلی سے چھٹی پر غور

خود ساختہ جلاوطن شرجیل میمن اور اویس ٹپی کی سندھ اسمبلی سے چھٹی پر غور
June 2, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) پیپلزپارٹی کے خود ساختہ جلاوطن رہنما شرجیل میمن اور اویس مظفر کی سندھ اسمبلی سے چھٹی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی فیصلہ دبئی میں آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی ون آن ون ملاقات میں کیا جائیگا۔ اویس مظفر کی جگہ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر قیوم سومرو اور شرجیل میمن کی نشست پر مولا بخش چانڈیو کو منتخب کرانے پر صلاح ومشورہ ہو رہا ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ دبئی میں آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی ون آن ون ملاقات میں حتمی مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اویس مظفر کے سابق صدر سے تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں جبکہ شرجیل میمن محکمہ اطلاعات اور ورکس اینڈ سروسز میں سنگین بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں۔ وزارت سے ہٹائے جانے کے باوجود اب بھی ان محکموں کا نظم ونسق شرجیل میمن ہی چلا رہے ہیں۔ کچھ روز قبل واپس آنے کا شوشا بھی انہوں نے دونوں محکموں کے افسروں کو متنبہ کرنے کیلئے چھوڑا تھا۔ نیب انکوائری میں نامزد ذوالفقار شہلوانی کی تعیناتی بھی شرجیل میمن کی سفارش پر کی گئی تھی مگر چند گھنٹے بعد ہی سائیں سرکار نے فیصلہ واپس لے لیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ کے خفیہ فنڈز کی بندربانٹ کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔