Saturday, April 27, 2024

خود انحصاری،اندرونِ ملک ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ ہے،نیول چیف

خود انحصاری،اندرونِ ملک ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ ہے،نیول چیف
November 30, 2017

کراچی (92 نیوز)  نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نسٹ سے الحاق شدہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا 29واں جلسئہ تقسیم اسنا د آج بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

لیفٹنٹ جنرل (ر) نوید زمان ،ریکٹر اور کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل اطہر مختار بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے کامیاب طلبا میں اسناد تقسیم کیں۔

کانووکیشن کے دوران انجینئرنگ، مینجمنٹ اور انفارمیشن سسٹمز کے شعبوں میں کل 342 اسناد تقسیم کی گئیں جن میں 6پی ایچ ڈی، 37ماسٹرز اور 299 بیچلرز کی ڈگریاں شامل تھیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے مختلف شعبوں میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے 26 طلبا میں میڈلز بھی تقسیم کیے جن میں 10پریذیڈنٹ گولڈ میڈلز، 3چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، 7چانسلرز سلور میڈلز اور 6ریکٹر گولڈ میڈلز شامل تھے۔  

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس اہم کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ سیکھنے کا عمل تا حیات جاری رہتا ہے اور ڈگری کا حصول اس سمت کی جانب پہلا قدم ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ دفاعی سیکٹر اور بالخصوص بحری افواج کا ٹیکنالوجی پر انحصار میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں پاک بحریہ عصر حا ضر کے تقاضو ں پر پورا اترنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ نیول پلیٹ فارمز اور سازو سامان کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔

ایڈمرل ظفر محمود نے طلباءکو بتایا کہ خود انحصاری اور اندرونِ ملک ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس میں ہمارے مستقبل کے انجینئرز کو کلید ی کردار ادا کرنا ہے۔  

نیول چیف نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ میں پاکستان نیوی اور نسٹ کا کردار قابل تعریف ہے۔  

انہوں نے مختلف بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت ، اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مثبت اور ترقی پسند ملک کے طور پر متعارف کروانے میں پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے طلبا کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔  

انہوں نے طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں اور اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی مقاصد کے حصول میں ایمان، دیانت داری، عزم و ہمت اور فر ض شناسی کے سنہری اصولوںکی پیروی کریں۔