Tuesday, May 21, 2024

خواہش ہے کوئی بھوکا سوئے نہ تنگدستی کی زندگی گزارے، وزیرِ اعظم

خواہش ہے کوئی بھوکا سوئے نہ تنگدستی کی زندگی گزارے، وزیرِ اعظم
December 29, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، عمران خان کہتے ہیں کہ خواہش ہے کوئی بھوکا سوئے نہ تنگدستی کی زندگی گزارے۔

وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غربت اور بھوک کے خاتمے کیلئے اسلامی فلاحی ریاست کی اصل روح کے مطابق عمل کرنا ہوگا۔ احساس پروگرام کے ذریعے ڈیٹا بیس مکمل کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم کو وفاقی کابینہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا وباء کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی نگرانی کی جا رہی ہے، کورونا ویکسین کے حوالے سے حتمی فیصلہ عنقریب لے لیا جائے گا۔ کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران پاکستان طبی سامان کے لحاظ سے خود کفیل ہو چکا ہے، وینٹی لیٹر، ماسک اور دیگر سامان ملک کے اندر ہی بنایا اور استعمال کیا جا رہا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن نے کابینہ کو ملک میں گیس کی دستیابی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ارکان کابینہ گیس لوڈشیڈنگ پر پھٹ پڑے۔ عمران خان نے کہا گھریلو صارفین اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

وزارت داخلہ اور سی ڈی اے نے کابینہ کو مارگلہ روڈ اسلام آباد پر تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے درکار وقت کے بارے میں بریفنگ دی۔ بتایا کہ وزارت دفاع نے بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے سی ڈی اے کو باضابطہ درخواست دے دی ہے۔ ای 9 سیکٹر میں موجود شادی ہال کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ مارگلہ روڈ پر حفاظتی دیوار کو 6 مہینے کی مدت میں اپنی منظور شدہ حدود کے اندر منتقل کر دیا جائے گا۔

کابینہ نے گلگت بلتستان میں تین سال کے لئے فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ یہ تعیناتی محکمہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات گلگت بلتستان کے ساتھ ہوگی ایف سی تعیناتی کا مقصد قدرتی وسائل کا تحفظ ممکن بنانا ہے۔

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کیلئے 120 ایکڑ زمین مختص کرنے کی اجازت دے دی۔ ڈاکٹر محمد سعید خان جدون کو ڈائریکٹر جنرل، ہائیڈروکاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان تعینات کرنے، وزارت صحت کو 219.30 ملین روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی۔ فنڈز اسلام آباد میں حالیہ تکمیل شدہ آئسولیشن ہسپتال و انفیکشنزٹریٹمنٹ سینٹر کو فعال بنانے کے لئے استعمال ہوگی۔

کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آ ف پاکستان میں 16 وفاقی ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی اوران کا دائرہ کار مختص کرنے، جاوید غنی کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے قومی احتساب بیورو اور امریکا کی فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی ) کے مابین مفاہمتی یادداشت دستخط کرنے کی اجازت دی۔

کابینہ نے نجکاری کمیٹی کے مورخہ 24 دسمبر2020 ء کو اجلاس میں لئے گئے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔