Monday, May 13, 2024

خواجہ پرویز کے مداح ان کا 87واں یوم پیدائش منا رہے ہیں

خواجہ پرویز کے مداح ان کا 87واں یوم پیدائش منا رہے ہیں
December 28, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کےلئے ہزاروں گیت تخلیق کرنے والے نامور نغمہ نگار اور منفرد شاعر خواجہ پرویز  کے مداح آج ان کا 87 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ پاکستان فلم انڈسٹری کو لازوال گیت  دینے  والے  خواجہ پرویز  آج زندہ ہوتے تو  ستاسویں سالگرہ منا رہے ہوتے ، خواجہ پرویز 28 دسمبر 1932 کو امرتسر میں پیداہوئے ، قیام پاکستان کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا۔ 50 کی دہائی میں  گیت نگاری سے وابستہ ہوئے مگر فلمی شاعر کے طور پر حقیقی پہچان ان کے 1964ء میں لکھے گئے نغمےتم ہی ہو محبوب میرے، میں کیوں نہ تمہیں پیار کروں سے ملی۔ خواجہ پرویز نےمجموعی طور پر  10 ہزار سے زائد فلمی نغمے تحریر کیے۔ انہیں یہ کمال حاصل تھا کہ وہ بیک وقت اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں گیت نگاری کرتے  تھے۔ خواجہ پرويز کا ہر فلمی گیت شائقینِ موسیقی پر سحر طاري کرديتا، ملکہ ترنم نور جہاں، نصرت فتح علی خان اور مہدی حسن جیسے  گلوکاروں نے خواجہ پرويز کے لکھے گيتوں کو اپنی آواز دے کرہمیشہ کے لئے  امر کرديا۔ خواجہ پرویز 20 جون 2011 کو جگر کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے لیکن ان کے نغموں کی گونج اور چاشنی آج بھی ان کی یادوں کو تروتازہ رکھے ہوئے ہے۔