Tuesday, April 16, 2024

خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے

خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے
June 20, 2020
لاہور (92 نیوز) پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے ہزاروں گیت تخلیق کرنے والے نامور نغمہ نگار اور منفرد شاعر خواجہ پرویز کو مداحوں سے بچھڑے 9 سال بیت گئے، ان کا اصل نام غلام محی الدين جبکہ تخلص پرویز تھا۔ پاکستان فلم انڈسٹری کو لازوال گیت  دینے والے خواجہ پرویز اٹھائیس دسمبر انیس سو بتیس کو امرتسر میں پیداہوئے، قیام پاکستان کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور لاہور کو اپنا مسکن بنایا۔ 50 کی دہائی میں گیت نگاری سے وابستہ ہوئے مگر فلمی شاعر کے طور پر حقیقی پہچان ان کے 1964ء میں لکھے گئے نغمے ’’ تم ہی ہو محبوب میرے، میں کیوں نہ تمہیں پیار کروں ‘‘ سے ملی۔ خواجہ پرویز نے مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد فلمی نغمے تحریر کیے۔ انہیں یہ کمال حاصل تھا کہ وہ بیک وقت اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں گیت نگاری کرتے تھے۔ خواجہ پرويز کا ہر فلمی گیت شائقینِ موسیقی پر سحر طاري کرديتا، ملکہ ترنم نور جہاں، نصرت فتح علی خان اور مہدی حسن جیسے گلوکاروں نے خواجہ پرويز کے لکھے گيتوں کو اپنی آواز دے کرہمیشہ کے لئے امر کرديا۔ خواجہ پرویز 20 جون 2011 کو جگر کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے لیکن ان کے نغموں کی گونج اور چاشنی آج بھی ان کی یادوں کو تروتازہ رکھے ہوئے ہے۔