Thursday, May 9, 2024

خواجہ برادران کےجوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع

خواجہ برادران کےجوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع
December 23, 2019
لاہور ( 92 نیوز) احتساب عدالت لاہور نے خواجہ برادران  کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع کردی ، عدالت کی جانب سے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ  کی موجودگی  میں انکا اپنا بیان کھولنے کا حکم دیا گیا ۔ پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں خواجہ برادران  کی احتساب عدالت میں پیشی ہوئی ، فاضل جج جواد الحسن نے کیس پر سماعت کی ۔ دوران سماعت کمرہ عدالت میں موجود سادہ لباس میں ملبوس  اہلکاروں اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان تلخ کلامی ہوئی ۔ کمرہ عدالت میں  شور و غوٖغا ہونے پر  جج کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا اور استفسار  کیا کہ عدالت میں شور کیوں برپا کیا جارہا ہے؟، جس پر لیگی رہنما خواجہ سعدرفیق نے پولیس کے رویے پر جج کو شکایت لگا دی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جج صاحب یہ اہلکار مجھے کہہ رہےہیں میں انٹرویو دے رہا ہوں ، جس پر اہلکاروں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ سعد رفیق کمرہ عدالت میں موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔ عدالت نے اہلکار کو تنبیہ کی کہ آپ کمرہ عدالت کے باہر جو مرضی کریں لیکن کمرہ عدالت میں اس طرح نہیں ہونے دوں گا ، ڈی آئی جی آپریشن کو طلب کر کہ وضاحب مانگتا ہوں آپ عدالتی امور کو متاثر کر رہے ہیں!!! جس پر سادہ لباس میں ملبوس اہلکار نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ ن لیگی رہنما نے  پولیس کی جانب سے بات نہ کرنے کا حل بھی ڈھونڈ لیا، اپنی بات بول کر بتانے کی بجائے اب کی بار لکھ  کر میڈیا کو تھما دی ۔ تحریر میں لکھاہےکہ اداروں کے درمیاں خلیج قومی مفادات کے لیےخطرہ ہے ،جانبدارانہ احتساب کا نشانہ صرف مسلم لیگ ن ہے ، دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ علیل ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے دوبارہ 6 جنوری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ، پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔