Friday, April 19, 2024

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 8 روزہ توسیع

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 8 روزہ توسیع
November 21, 2019
لاہور (92 نیوز) پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کےجوڈیشل ریمانڈ میں  مزید آٹھ روز کی توسیع کردی گئی، عدالت نے خواجہ برادران کو دوبارہ انتیس نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے کر آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا، خواجہ سعدرفیق بولے اپوزیشن نہیں خودعمران خان اپنی حکومت کوگرانے کے درپے ہیں۔ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، خواجہ سعدرفیق نے مؤقف اختیارکیا کہ پولیس نے انہیں بائیس منٹ وین میں بند کر کے رکھا اور وکلاء سے بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ ان کا کہناتھا میرے اوپر سول کپڑوں میں سکیورٹی اہلکار کھڑے کر دئیے جاتے ہیں۔ جسٹس جواد الحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو وکلاء سے بات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا لیکن عدالت کے اندر ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں۔ عدالت نے وکلا اور صحافیوں کو روکنے کے معاملے کی رپورٹ پیش نہ کرنے پرنیب پراسیکیوٹر پر برہمی کا اظہار کیا۔ صحافیوں سے غیررسمی بات چیت میں خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ معاشی بدحالی سیاسی ابدتری اور بدترین انتقام حکمرانوں کے گلے کا طوق بن چکا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ان کی آواز روکنے کے لیے میگا فون کا بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ عدالت نے میگا فون کے استعمال پر ڈی آئی جی آپریشنز سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، مسلم لیگ ن کے کارکن بھی جوڈیشل کمپلیکس پہنچے۔