Friday, March 29, 2024

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 مارچ تک توسیع

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ  میں 19 مارچ تک توسیع
March 4, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) لاہور کی احتساب عدالت نے خواجہ برادران کےجوڈیشل ریمانڈ میں 19 مارچ تک توسیع کر دی ۔ پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی  خواجہ سلمان رفیق کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر احتساب عدالت پیش کیا گیا ۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی جس پر احتساب عدالت لاہور نے سعدرفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں  19 مارچ تک توسیع کر دی۔ خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ ان کے مؤکلوں کی انتہائی تذلیل کی جا رہی ہے ، پورا شہر بند کر کے بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جا سکتا ہےْ شہبازشریف کے وکیل نے مؤقف اختیارکیا کہ خواجہ برادران کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جیسے جنگی قیدی ہوں ،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سڑکیں بند کرنےکامعاملہ دیکھ رہے ہیں۔ خواجہ سعدرفیق نے مؤقف اختیار کیا کہ کمر میں درد ہے اور علاج نہیں کروایا جا رہا۔ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس  کےدوران فواد حسن فواد اور نیب پراسیکیوٹرمیں تلخ کلامی ہوئی ، عدالت نے آئندہ سماعت پرتفتیشی افسر کو ہر صورت میں پیش کرنے کاحکم دے دیا ۔ ایل ڈی اے سٹی کیس میں احدچیمہ نے مؤقف اختیارکیا کہ ایک سال سے جیل میں ہوں ، نیب پراسیکیوٹرنے دلائل دیئے کہ ایل ڈی اے سٹی کا  معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے گرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ،  ملزموں کو سخت سکیورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے خواجہ برادران کا مزید ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2018 کو خواجہ برادران کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کی تھی جس کے بعد  نیب نے دونوں بھائیوں کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں حراست میں لیا تھا۔