Thursday, May 9, 2024

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جنوری تک توسیع

خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جنوری تک توسیع
January 6, 2020
لاہور ( 92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں پابندسلاسل خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جنوری تک توسیع کر دی ۔ دوران سماعت وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کا 4 صفحات پر مشتمل بیان کھول دیا گیا  جبکہ خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت بھی سے دی گئی۔ احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل  کیس کی سماعت جج جواد الحسن نے کی  ، عدالت کی جانب سے ن لیگی رہنما کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی گئی تو سعدرفیق نے عدالت میں بولنے کی اجازت چاہی ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات میری بیرک میں آگ لگی جس وجہ سے زخمی ہوا ، میرا سر لوہے کے راڈ سے لگا،اس وجہ سے کچھ دیر تک مجھے نظر نہیں آیا جس پر عدالت کا کہنا تھاکہ صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے آپ کی مرضی ہے جانا چاہیں یا نا جانا چاہیں۔ سعدرفیق کا مزید کہنا تھاکہ جیل حکام روزانہ اجلاس میں مجھے اسلام آباد لیکر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں،میں ہر اجلاس کے موقع پر آٹھ گھنٹے کا سفر نہیں کرسکتا،خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد میں ہی سب جیل قرار دیکر وہیں رکھنے کی استدعا کردی ۔ عدالت کی جانب سے خواجہ برادران کے تفتیشی افسر کی دیر سے پہنچنے پرسرزنش کی گئی، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ تاخیر سے کیوں آتے ہیں جس کے باعث  عدالتی کارروائی متاثر ہوتی ہے،جس پرتفتیشی افسر نے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تاخیر سے پہنچا، آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔ عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری کی موجودگی میں قیصر امین بٹ کا 4 صفحات پر مشتمل بیان کھولا گیا جس پر خواجہ برادرن کے وکیل نے  وعدہ معاف گواہ بننے کے بیان کی اصل کاپی فراہم کرنے کی استدعا کردی ۔ دوسری جانب پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔