Friday, April 26, 2024

خواجہ برادران کیمپ جیل سے ضمانت پر  رہا 

خواجہ برادران کیمپ جیل سے ضمانت پر  رہا 
March 19, 2020
لاہور ( 92 نیوز ) خواجہ برادران جیل سے رہا ہو گئے ، سپریم کورٹ نے گزشتہ روز دونوں بھائیوں کی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں  ضمانت پر رہائی کی منظوری دی تھی ۔ گزشتہ روز جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے لیگی رہنماوں کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تھی ، خواجہ برادران کے وکیل  نے دلائل میں  کہا 68 افراد کو پلاٹ کی ڈیلوری نہ ہونے کا الزام لگایا گیا جبکہ 62 افراد کے کیس سیٹلڈ کر دیے ہیں ، میرے موکالان کبھی غیر حاضر ہوئے نہ کبھی دستاویز پیش کرنے سے انکار کیا ،  6 ماہ گرفتاری کے بعد ریفرنس داخل کیا گیا اور اب 16 ماہ گزر چکے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ دونوں بھائیوں نے پیراگون کو زمین دلوائی اور ان کو زمین دینے کا کمیشن ملا ،جن 62 افراد کے کلیم سیٹل ہوئے انکو رقم کی ادائیگی خواجہ برادران نے کی۔ جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے کہ68 لوگوں سے فراڈ کو عوام الناس سے فراڈ قرار نہیں دیا جا سکتا ، نیب کی نیت کا مسئلہ ہے یا پھر اہلیت کا ، جب پلان کی منظوری ٹی ایم اے نے دی تو نیب کے پاس ضمانت خارج کرنے کی کوئی بنیاد نہیں۔ نیب نے شاملات کی زمین کے پلان میں خلاف ورزی کا الزام نہیں لگایا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ خواجہ برادارن کے اکاونٹس میں پیسے آئے ہیں تو اس میں غیرقانونی کیا ہے۔ وہ تو مان رہے ہیں کہ پیسے آئے ہیں۔ نیب کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں جس کی وجہ سے اب خواجہ برادران کو حراست میں رکھا جائے۔