Tuesday, April 16, 2024

خواجہ احمد حسان کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

خواجہ احمد حسان کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
October 26, 2015
لاہور (92نیوز) ہائیکورٹ نے لاہور کے متوقع مئیر اور مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ حسان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست پر کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مقامی شہری عزیر مسعود کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاءایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھایا کہ خواجہ احمد حسان انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں کیونکہ انہوں حال ہی میں ایل ڈی اے وائس چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے اور قانون کے تحت وہ دو برس تک انتخاب نہیں لڑسکتے لیکن اس کے باوجود خواجہ احمد حسان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے اور انہیں بلامقابلہ یونین کونسل کا چیئرمین کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ شیراز ذکا نے استدعا کی کہ خواجہ حسان کو نااہل قرار دے کر ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے جائیں۔ خواجہ حسان کے وکیل رائے شاہد سلیم خان نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ خواجہ احمد حسان کے پاس ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین کا اعزازی عہدہ تھا اور وہ تنخواہ وصول نہیں کرتے تھے۔ لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ 29 اکتوبر کے لیے محفوظ کر لیا۔